غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر صیہونی فوج نے سوموار کو علی الصباح 10 میزائل حملے کیے۔ ان حملوں میں جنوبی غزہ میں رفح کے علاقے میں قائم مزاحمتی مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے مشرقی رفح میں النھضہ کالونی میں اور اس کے اطراف میں کم سے کم 10 میزائل حملے کیے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حملوں میں وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی ہے تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
اسرائیلی فوج نے گذشتہ شب دعویٰ کیا تھا کہ غزہ کی پٹی سے سیدیروت صیہونی کالونی پر راکٹ حملے کیے گئے ہیں، تاہم ان راکٹ حملوں کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
قبل ازیں اتوار کو اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر 18 زمینی اور فضائی حملے کیے جس کے نتیجے میں ایک سترہ سالہ بچے سمیت دو فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوگئے تھے۔