غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے وسط میں المغازی پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج کی طرف سے مشین گنوں سے فائرنگ کی گئی اور رات کے وقت مسلسل روشنی کے گولے چھوڑے جاتے رہے جس کے نتیجے میں نہ صرف علاقہ روشن ہو گیا بلکہ شہری خوف کا شکار ہو گئے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صہیونی فوج نے’ابومطیبق‘ فوجی کیمپ سے المغازی پناہ گزین کیمپ پر روشنی کے گولے برسائے اور مشین گنوں سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں علاقہ روشنی سے چمک اٹھا۔
غزہ کے مشرقی اور وسطی علاقے عموما صہیونی فوج کی فائرنگ اور دراندازی کا شکار رہتے ہیں۔ سنہ 2014ء کی جنگ کے بعد طے پائے جنگ بندی معاہدے کے باوجود صہیونی فوجی سیز فائر کی خلاف ورزیاں کرتے ہوئے کبھی غزہ کے اندر داخل ہوجاتے ہیں اور کبھی فائرنگ کرکے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کرتے ہیں۔