غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صیہونی فوجیوں نے ایک بار پھر غزہ میں فلسطینیوں پر حملہ کرکے اس علاقے میں فائربندی کی خلاف ورزی کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صیہونی فوجیوں نے جمعے کی صبح غزہ کے مشرقی علاقے میں فلسطینی کاشتکاروں پرفائرنگ کردی اور انہیں اپنی زرعی اراضی میں کام کرنے سے روک دیا۔ صیہونی فوجی غزہ میں دوہزار چودہ کی جنگ کے بعد ہونے والی فائربندی کی مسلسل خلاف ورزی کررہے ہیں۔ صیہونی فوجی کبھی فلسطینی ماہیگیروں کو نشانہ بناتے ہیں اور کبھی کاشتکاروں پرحملہ کرتے ہیں۔ ان حملوں میں اب تک بہت سے فلسطینی کاشتکار اور ماہی گیر شہید ہوچکے ہیں۔ ادھر غرب اردن کے شہر الخلیل میں بھی صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں کے گھروں پر حملہ کرکے دو فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کرلیا – جمعرات کو بھی صیہونی فوجیوں نے رام اللہ میں فلسطینیوں پر حملہ کرکے ایک فلسطینی نوجوان کو شہید کردیا تھا۔ اکتوبر دوہزار پندرہ میں تحریک انتفاضہ کے آغاز سے اب تک صہونی فوجی دوسو ساٹھ سے زائد فلسطینیوں کو شہید کرچکے ہیں جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
