’غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) مصری حکام نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کو ملانے والی رفح گذرگاہ کل بدھ کو چند گھنٹے کھولنے کے بعد بغیر وجہ بتائے دوبارہ بند کردی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق قاہرہ میں فلسطینی سفارت خانے کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مصری حکام نے بتایا ہے کہ انہوں نے رفح گذرگاہ کو دونوں طرف کی آمد روفت کے لیے بند کردیا ہے جب کہ بدھ ہی کے روز گذرگاہ چار روز کے لیے کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا۔سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی مسافروں کی سلامتی کو یقینی بنانے، اسماعیلیہ اور العریش کے درمیان بین الاقوامی شاہراہ پر انہیں تحفظ فراہم کرنے کے لیے ایک کرائسز سیل قائم کیا گیا ہے۔ سرحد پر پھنسے افراد کی سہولت کے لیے ایمرجنسی فون نمبر مختص کیے گئے ہیں جو کسی بھی پریشانی یا مسئلے کی صورت میں فلسطینی سفارت خانے سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
قبل ازیں عرب لیگ میں فلسطین کے مستقل مندوب اور قاہرہ میں فلسطینی سفیر دیاب اللوح نے رفح گذرگاہ کھولنے پر مصری صدر السیسی کا خصوصی شکریہ ادا کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ رفح گذرگاہ کھلنے سے محصورین غزہ کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔