غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے گذشتہ روز فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں مختلف اہداف پر توپخانے سے وحشیانہ اور بلا اشتعال گولہ باری کی تاہم گولہ باری کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں مل سکی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کی طرف سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ غزہ کی پٹی کے اندر سے فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں اسرائیلی فوج کی متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا تھا۔اسرائیل کے عبرانی ٹی وی 7 کی رپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی سے اسرائیلی فوج کی ایک گشتی پارٹی پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک فوجی گاڑی نو نقصان پہنچا ہے۔ جواب میں قابض فوجیوں نے غزہ میں مختلف مقامات پر توپخانے سے گولہ باری کی۔
مقامی فلسطینی شہریوں اور عینی شاہدین کے مطابق صہیونی فوج کی طرف سے جنوب مشرقی خان یونس میں الفخاری کے مقام پر اسرائیلی فوجیوں نے توپخانے سے شیلنگ کی تاہم اس حملے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
ادھرغزہ کے علاقے رفح میں کرم ابومعمر کے مقام پر بھی گولہ باری کی گئی تاہم اس کارروائی میں بھی شہری محفوظ رہے ہیں۔