فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صیہونی حکومت نے غزہ پٹی سے مقبوضہ علاقے النقب پر راکٹ حملے کیے جانے کا دعوی کیا جس کے بعد صیہونی فوج نے شمالی غزہ پٹی کے علاقے بیت حانون کے مشرقی علاقے پر توپ خانے سے حملہ کیا۔ اس حملے میں ہونے والے ممکنہ جانی و مالی نقصان کے بارے میں ابھی تک کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے۔
سوموار کو علی الصباح اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں بیت حانون کے مقام پر قائم فلسطینیوں کی رصدگاہ پر توپخانے سے گولہ باری کی جس کے نتیجے میں متعدد مکانات کو نقصان پہنچا ہے تاہم گولہ باری کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے توپ سے داغے گئے متعدد گولے مزاحمت کاروں کی رصدگاہ پر گرے ہیں تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ادھر اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق غزہ میں گولہ باری کے ساتھ ہی قرب وجوار کی یہودی کالونیوں میں خطرے کے الارم بجائے گئے ہیں۔ غزہ کی پٹی کے قریب زور دار دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دی ہیں تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا یہ دھماکے کس نوعیت کے ہیں۔
اسرائیلی فوجی ریڈیو نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ غزہ کی پٹی سے داغا گیا ایک راکٹ سرحد کےقریب گر کر پھٹا ہے تاہم یہ آبادی سے دور گرا ہے۔
