غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی وزیر تعلیم نے غزہ کی پٹی کی جامعات کے لیے 51 لاکھ شیکل کی گرانٹ کی منظوری دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ رقم جامعات میں تعلیمی معیار بہتر بنانے، جامعات کی توسیع اور سائنسی تحقیق کے شعبوں پر صرف کی جائے گی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق وزیرتعلیم صبری صیدم نے کہا کہ غزہ کی اسلامی یونیورسٹی کے لیے 17 لاکھ شیکل کی گرانٹ تیار کی گئی ہے۔ اس رقم سے یونیورسٹی میں سائنسی تحقیق کا عمل آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے تک غزہ کی دیگر جامعات کے لیے بھی گرانٹ کی منظوری دی جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں فلسطینی وزیر تعلیم نے کہا کہ غزہ کی جامعات کے لیے گرانٹ قومی حکومت کے ویژن اورتعلیم سے متعلق پلان کا حصہ ہے۔ فلسطینی قومی حکومت نے غزہ کی پٹی میں علمی شعبے میں مزید بہتری لانے، فلسطینی نوجوان طلباء کو بہتر تعلیمی مواقع مہیا کرنے، سائنسی علوم میں ریسرچ کرنے کا عزم کررکھا ہے۔
صبری صیدم نے غزہ کی پٹی کی جامعات بالخصوص اسلامی یونیورسٹی کی تعلیمی، تحقیقی اور سائنسی خدمات کو سراہا اور کہا کہ فلسطین میں قومی سطح پر اسلامی یونیورسٹی کا تعلیم کے فروغ میں کلیدی کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی حکومت نے غزہ کی تمام جامعات کے لیے مجموعی طور پر 5 ملین ایک لاکھ شیکل کے گرانٹ کی تیاری کی ہے۔