غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب غزہ پٹی پر فضائی حملے کیے تاہم کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق اس کے جواب میں فلسطینی مسلح گروپوں نے جنوبی اسرائیل کی جانب راکٹ داغے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے غزہ پٹی سے داغے جانے والے راکٹوں کے جواب میں غزہ پٹی میں 25 اہداف کو نشانہ بنایا۔ فوجی بیان میں بتایا گیا ہے کہ رات کے دوران اسرائیل پر میزائلوں سمیت 30 راکٹ داغے گئے۔دوسری جانب فلسطینی سکیورٹی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ پٹی کے جنوبی شہر رفح میں حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے تربیتی ٹھکانے کے نزدیک خالی اراضی پر کئی میزائل داغے۔ ایک دوسرے حملے میں غزہ پٹی کے شمال میں حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
غزہ پٹی میں وزارت صحت کا کہنا ہے کہ حملوں میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔
عینی شاہدین کے مطابق فضائی یلغاروں کے بعد فلسطینی مسلح گروپوں نے جنوبی اسرائیل پر متعدد راکٹ اور گرینیڈز داغے۔
کسی فلسطینی گروپ نے اس کارروائی کی ذمّے داری قبول نہیں کی۔
واضح رہے کہ رواں برس 30 مارچ سے شروع ہونے والی "حقِّ واپسی” احتجاجی ریلیوں کے دوران اسرائیلی فائرنگ سے کم از کم 132 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جب کہ اس دوران کوئی اسرائیلی ہلاک نہیں ہوا۔