غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) سوموارکی شام اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر یکے بعد دیگرے 19 فضائی حملے کیے ہیں جس کے نتیجے میں کئی مکانات تباہ ہو گئے ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے اسرائیلی بمباری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم غزہ پر اسرائیلی فوج کی تازہ بمباری کے نتائج مرتب کر رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کا حملہ نہتے شہریوں پر دشمن کی کھلی جارحیت ہے اور اس پر خاموش نہیں رہیں گے۔ حماس دوسری فلسطینیوں کے ساتھ صلاح مشورے کے بعد دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گی۔حماس کے ترجمان عبدالطیف القانوع نے کہا کہ ان کی جماعت غزہ کی پٹی پر گذشتہ روز کی اسرائیلی بمباری کے نتائج مرتب کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی بمباری کا جواب دیگر فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کے ساتھ مل کر دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ کل سوموار کو غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج نے یکے بعد دیگرے 19 حملے کیے۔ ان میں 15 فضائی حملے صرف ایک ہی مکان پر کیے گئے جس کے نتیجے میں متعدد مکانات تباہ ہوئے ہیں۔ صہیونی فوج نے مشرقی غزہ کے الخزاعہ قصبے کو بمباری سے نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ دو فضائی حملے الطاقہ اور دو جبل الریس میں کیے گئے۔