خانیونس – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر خانیونس میں واقع ناصر میڈیکل کمپلیکس کے ڈائریکٹر جنرل احمد الفرا نے کمپلیکس کے اندر واقع آپریشن تھیٹر کی عمارت ’الیاسین‘ کو قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کے سنگین نتائج سے خبردار کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ بمباری نظام صحت پر ایک خطرناک حملہ ہے اور اس سے مریضوں و زخمیوں کو طبی خدمات کی مسلسل فراہمی خطرے میں پڑ گئی ہے۔
جمعرات کے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الفرا نے بتایا کہ اس حملے کے نتیجے میں ڈاکٹر رزق احمد ابو شعیرہ سمیت پانچ مریض اور ان کے تیماردار شہید ہو گئے جبکہ طبی عملے کے متعدد ارکان سمیت 36 دیگر افراد زخمی ہوئے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بمباری سے جراحی کی عمارت اور طبی شعبوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کے باعث کمپلیکس کی انتظامیہ نے تا حکم ثانی بیرونی مریضوں کے شعبہ جات (او پی ڈی)، سرجری، ریڈیالوجی، لیبارٹری اور آپریشن تھیٹرز میں کام بند کرنے پر مجبور ہو گئی ہے۔ اس اقدام کا براہ راست اثر ہسپتال کی مریضوں کو داخل کرنے اور خصوصی طبی خدمات فراہم کرنے کی صلاحیت پر پڑے گا۔
الفرا نے نشاندہی کی کہ ان اہم شعبوں کی بندش ہزاروں مریضوں کو طبی نگہداشت کے حصول میں مزید دشواریوں سے دوچار کر رہی ہے اور بالخصوص غزہ کی پٹی کے طبی اداروں پر موجود شدید دباؤ اور وسائل، امکانات و طبی سامان کی شدید قلت کے سائے میں صورتحال مزید گھمبیر ہو گئی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طبی مراکز، طبی عملے اور مریضوں کو نشانہ بنانا طبی سرگرمیوں کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے اور یہ ایسے وقت میں شہریوں کے تئیں طبی اداروں کی انسانی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کی صلاحیت کو مفلوج کر رہا ہے جب علاجی اور خصوصی خدمات کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے بیان کیا کہ جراحی کی عمارت پر یہ حملہ غزہ کی پٹی پر مسلط قابض اسرائیل کی جنگ کے دوران ناصر میڈیکل کمپلیکس پر کیا جانے والا ساتواں حملہ ہے جو طبی اداروں کے تقدس اور بین الاقوامی قوانین و معاہدوں کے تحت انہیں حاصل تحفظ کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
الفرا نے عالمی اداروں اور صحت و انسانی حقوق کی تنظیموں، جن میں عالمی ادارہ صحت اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سرفہرست ہیں، سے اپیل کی کہ وہ غزہ کی پٹی میں طبی اداروں کو درپیش صورتحال کے حوالے سے فوری حرکت میں آئیں، اپنی ذمہ داریاں نبھائیں اور ہسپتالوں، طبی عملے و مریضوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے کام کریں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ طبی مراکز کو نشانہ بنانے کا سلسلہ روکنے، ان کے کام کا تسلسل یقینی بنانے اور طبی خدمات کی فراہمی جاری رکھنے و مریضوں اور زخمیوں کی زندگیاں بچانے کے لیے درکار طبی و لاجسٹک ضروریات فراہم کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جائے۔