غزہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ کے حقوق انسانی مرکز نے کہا ہے کہ پٹی کے تقریباً 70 فیصد رقبے پر قابض اسرائیلی فوج کا تسلط اور اس کے ساتھ ساتھ پورے علاقے میں شہریوں کا روزانہ کی بنیاد پر قتل عام اس بات کا ثبوت ہے کہ قابض دشمن اب صرف زبردستی بے دخلی اور رہائشی جگہ کو محدود کرنے پر اکتفا نہیں کر رہا، بلکہ اس نے بقیہ غزہ کو ایک ایسی کھلی قتل گاہ میں بدل دیا ہے جہاں رہائشی محلوں، پناہ گزین مراکز، نقل مکانی کے مقامات یا قابض فوج کی تعیناتی کے خطوط کے قریب موجود شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
مرکز نے اپنے بیان میں وضاحت کی ہے کہ اس کی فیلڈ ٹیم نے گذشتہ دنوں کے دوران قابض فوج کی جانب سے فضائی حملوں، توپ خانے کی گولہ باری، براہ راست فائرنگ اور سنائپرز کے ذریعے قتل عام کے مسلسل واقعات دستاویزی شکل میں ریکارڈ کیے ہیں، جو شہری آبادی کے تحفظ کے لیے ضروری اصولوں، امتیاز اور تناسب کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
مرکز نے خبردار کیا کہ اسرائیلی افواج کے پھیلاؤ کے بارے میں دانستہ طور پر پیدا کیا گیا ابہام، اور کوئی واضح یا اعلانیہ حد نہ ہونا، جس پر شہری انحصار کر سکیں، ان علاقوں کو موت کے جال میں تبدیل کر چکا ہے۔
مرکز نے نشاندہی کی کہ اقوام متحدہ نے دس اکتوبر سنہ 2025ء اور اپریل سنہ 2026ء کے درمیان اسرائیلی افواج کے پھیلاؤ کے مقامات کے قریب، جنہیں غیر واضح علاقے قرار دیا گیا تھا، 196 فلسطینیوں کے قتل کی تصدیق کی ہے، جن میں 18 خواتین اور 43 بچے شامل ہیں۔ یہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ شہریوں کو بغیر کسی پیشگی انتباہ کے قتل کے خطرے سے دوچار کیا جا رہا ہے۔
حقوقی مرکز نے تصدیق کی کہ اس کے بعد کے دو مہینوں میں انہی علاقوں میں درجنوں اضافی شہری جاں بحق ہوئے ہیں، جبکہ قابض دشمن کی جانب سے شہریوں کے لیے دستیاب جگہ کو مزید محدود کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔
اس تسلسل میں، مرکز کی فیلڈ ٹیم نے آج بروز پیر کی صبح خانیونس شہر کے مغرب میں مواصی کے علاقے میں شارع الرشید پر ایک گاڑی کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں حمودہ عزت علی ابو دقہ کی ہلاکت اور 15 شہریوں کے زخمی ہونے کو دستاویزی شکل میں ریکارڈ کیا ہے۔ یہ علاقہ دسیوں ہزار بے گھر افراد سے بھرا ہوا ہے جنہیں قابض فوج نے زبردستی یہاں پناہ لینے پر مجبور کیا تھا۔ اسی طرح مرکز نے آج فجر کے وقت غزہ شہر کے جنوب مغرب میں تل الھویٰ محلے میں اردنی ہسپتال کے قریب ایک رہائشی اپارٹمنٹ کو نشانہ بنانے کے بعد فادی فلاح دغمش اور ان کی اہلیہ ریھام رشید کی شہادت اور متعدد شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعے کو بھی ریکارڈ کیا ہے، جو شہری آبادی والے علاقوں کو نشانہ بنانے کے عمل کا تسلسل ہے۔
اس سے قبل اتوار 5 جولائی سنہ 2026ء کی شام ایک اسرائیلی طیارے نے غزہ شہر میں السامرچوک کے قریب شہریوں کے ایک اجتماع کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں جوہر عبد البلعاوی اور احمد یحییٰ البطش شہید ہو گئے۔ ہفتے کی شام 4 جولائی کو ایک اسرائیلی ڈرون نے جبالیہ کیمپ کے مغرب میں واقع ابو شرخ چوک کے قریب شہریوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا، جس سے نوجوان حذیفہ حسین اللہ الحواجری شہید اور متعدد شہری زخمی ہوئے۔ اسی دن زیتون محلے میں دوار عسقولہ کے قریب ایک موٹر سائیکل کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں محمد نجیب عاشور شہید ہو گئے۔
مرکز کا کہنا ہے کہ یہ حقائق اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ قابض دشمن غزہ کی پٹی میں منظم طریقے سے قتل عام کر رہا ہے، جس کا مقصد صرف قتل اور نسل کشی ہے۔ یہ عمل شہریوں کو کہیں بھی محفوظ نہیں رہنے دیتا، چاہے وہ رہائشی علاقوں میں ہوں یا قابض فوج کے قریب۔
مرکز نے تاکید کی کہ ان علاقوں میں شہریوں کو نشانہ بنانا جہاں خطرے کا کوئی واضح اشارہ نہیں ہے، جنیوا کنونشن اور بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
مرکز نے خبردار کیا کہ غزہ کے 70 فیصد رقبے پر اسرائیلی کنٹرول اور آبادی والے علاقوں کو مسلسل نشانہ بنانا 20 لاکھ سے زائد فلسطینیوں کو ایسے تنگ حصوں میں رہنے پر مجبور کر رہا ہے جہاں زندگی کی بنیادی ضروریات کا فقدان ہے، اور وہ ہر لمحہ موت کا سامنا کر رہے ہیں۔ یہ سب کچھ ایک ایسی حقیقت پیدا کر رہا ہے جہاں زندگی گزارنا ناممکن ہے اور یہ صورتحال شہریوں کو زبردستی اپنے وطن سے ہجرت کرنے پر مجبور کر رہی ہے۔
مرکز نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ان جرائم کو روکنے کے لیے فوری اقدام کرے، شہریوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے، نسل کشی کو روکے اور ذمہ داران کا بین الاقوامی انصاف کے کٹہرے میں احتساب یقینی بنائے، کیونکہ سزا سے استثنیٰ غزہ میں شہریوں کے خلاف مزید سنگین خلاف ورزیوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔