غزہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے عرب ممالک، عالم اسلام اور دنیا بھر کے تمام زندہ ضمیر انسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فلسطینیوں پر مسلط قابض اسرائیلی جارحیت، محاصرہ اور فاقہ کشی کی پالیسی کے رد عمل میں آنے والے ایام کے دوران وسیع پیمانے پر سرگرمیوں، مظاہروں اور دھرنوں کا اہتمام کر کے غزہ کی پٹی کے ساتھ یکجہتی اور عوامی تحرک کو مزید تیز تر کریں۔
حماس نے اپنے ایک تازہ اخباری بیان میں اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ رواں ماہ 13، 14 اور 15 نومبر بہ روز جمعہ، ہفتہ اور اتوار، نیز ان کے بعد آنے والے ایام میں دنیا بھر میں وسیع عوامی مظاہروں کا انعقاد کریں تاکہ وہ مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی اور ان کے خلاف جاری قابض اسرائیلی جرائم کی مخالفت کے لیے متحرک اور مؤثر ترین پلیٹ فارم بن سکیں۔
حماس نے وضاحت کی کہ یہ اپیل غزہ کی پٹی کے رہائشیوں کو درپیش اس انسانی تباہی کی شدت کے سائے میں سامنے آئی ہے جو مسلسل جارحیت اور محاصرے کا نتیجہ ہے، جبکہ موسمِ سرما کی شدّت، پناہ گزینوں کے خیموں کا بارش کے پانی میں غرقاب ہونا اور چھت، حرارت و خوراک سے محروم لاکھوں بچوں، خواتین اور معمر افراد کی بے بسی صورتِ حال کو مزید ابتر بنا رہی ہے۔
حماس نے دنیا بھر کی سیاسی تحریکوں، پارٹیوں، یونینوں اور عوامی و حقوقِ انسانی کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ اہم چوراہوں، میدانوں اور عالمی دارالحکومتوں میں عوام کے بڑے اجتماعات منظم کریں اور حصار کو ختم کرنے، عدوان کو روکنے، نیز قابض اسرائیلی حکومت پر اس کی سفاکانہ پالیسیوں سے باز رکھنے کے لیے بھرپور دباؤ ڈالیں۔
حماس نے علمائے کرام، آئمہ مساجد، مذہبی شخصیات، گرجا گھروں اور مذہبی اداروں سے اپیل کی کہ وہ اپنے خطبات، دعاؤں اور سرگرمیوں کو غزہ کی پٹی کی نصرت کے لیے وقف کریں، نیز پناہ گزینوں کی دگرگوں انسانی صورتِ حال کو اجاگر کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے انسانی و سیاسی حقوق کے لیے بین الاقوامی یکجہتی کے دائرہ کار کو وسعت دیں۔
حماس نے عوامی تحریک کا سلسلہ جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اور اس بات کو واضح کیا کہ اس احتجاج کو صرف ان تین مخصوص ایام تک محدود نہیں رہنا چاہیے، بلکہ اسے ایک دائمی عالمی پیغام بننا چاہیے جو قابض دشمن، جارحیت اور حصار کو مکمل طور پر رد کرے اور فلسطینیوں کے آزادی، وقار اور محفوظ زندگی کے حق کی ترجمانی کرے۔
یہ اپیل ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب موسمِ سرما کے آغاز کے ساتھ ہی غزہ کی پٹی میں پناہ گزینوں کے مصائب کی شدت میں شدید اضافہ ہو رہا ہے، کیونکہ پناہ گاہیں اور خیمہ گاہیں حفاظتی سامان کی شدید قلت اور حرارت کے وسائل کی عدم دستیابی کے باعث بارش کے پانی میں غرقاب ہونے کے سنگین خطرے سے دوچار ہیں، جس سے ان لاکھوں فلسطینیوں کے انسانی بوجھ دوچند ہو گئے ہیں جو قابض اسرائیلی نسل کشی کی جنگ کے نتیجے میں اپنے گھر بار سے محروم ہو چکے ہیں۔