غزہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) قابض اسرائیلی افواج نے آج جمعرات کی علی الصبح بین الاقوامی پانیوں کی گہرائی میں غزہ کا محاصرہ توڑنے کے لیے بڑھنے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کے جہازوں کے خلاف بحری قزاقی کی مجرمانہ کارروائی انجام دی ہے۔
قابض اسرائیلی فوج کے ریڈیو نے اطلاع دی ہے کہ غزہ کی پٹی کی جانب گامزن اس بیڑے میں شامل کل 58 جہازوں میں سے 21 کو روک لیا گیا ہے۔ صہیونی ریڈیو نے دعویٰ کیا ہے کہ ان جہازوں پر قبضے یعنی قزاقی کی یہ کارروائی فجر کے وقت چند گھنٹوں میں مکمل کر لی گئی جس کے دوران کوئی غیر معمولی واقعہ یا چوٹیں ریکارڈ نہیں کی گئیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ یہ کارروائی قابض اسرائیل کے ساحلوں سے ایک ہزار کلومیٹر سے زائد فاصلے پر انجام دی گئی تاکہ باقی ماندہ جہازوں کو بھی بعد ازاں روکنے کا عمل مکمل کیا جا سکے۔ صہیونی ذرائع کے مطابق موجودہ مرحلہ ابتدائی ہے جس میں بیڑے کے ایک حصے پر کنٹرول حاصل کیا گیا ہے اور اگر بقیہ جہاز واپس نہ مڑے تو ضرورت پڑنے پر ان کے خلاف بھی دوبارہ کارروائی شروع کی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب گلوبل صمود فلوٹیلا کی ترجمان اور سٹیئرنگ کمیٹی کی رکن رنا حمیدہ نے کہا کہ قابض اسرائیلی حکام نے اب تک بیڑے کے متعدد جہازوں کو روک لیا ہے تاکہ غزہ کی پٹی تک انسانی امداد کی رسائی میں رکاوٹ ڈالی جا سکے۔
رنا حمیدہ نے ایک پریس بیان میں اس بات پر زور دیا کہ بیڑے کے جہاز بین الاقوامی قانون کے اصولوں کی مکمل پابندی کر رہے ہیں اور قابض اسرائیل کی جانب سے ان جہازوں کو روکنا تمام بین الاقوامی چارٹرز کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ اس بیڑے میں صرف اشیائے خوردونوش اور ضروری طبی امداد موجود ہے اور انہوں نے قابض دشمن کے تمام الزامات کو بہتان اور جھوٹ قرار دے کر مسترد کر دیا۔
ادھر بیڑے کی سٹیئرنگ کمیٹی کے اراکین نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ تمام شرکاء غزہ کا محاصرہ توڑنے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کو تیار ہیں۔
انہوں نے اشارہ کیا کہ یہ مشن خالصتاً پرامن اور انسانی ہمدردی پر مبنی ہے جس کا مقصد شہریوں کو جاری فاقہ کشی کی جنگ سے بچانا ہے۔
اسی دوران اسرائیلی افواج نے یونانی جزیرے کریٹ کے قریب موجود گلوبل صمود فلوٹیلا کی ایک کشتی پر دھاوا بول دیا۔
قبل ازیں بدھ کی شام قابض اسرائیل کی بحری فوج نے محاصرہ توڑنے کے لیے غزہ کی جانب بڑھنے والے اس بین الاقوامی بیڑے پر حملہ کیا تھا۔
ذرائع نے ایجنسی صفا کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی بحریہ نے قابض اسرائیل سے سینکڑوں میل دور بین الاقوامی سمندر میں اس عالمی بیڑے کو نشانہ بنایا۔
ادھر گلوبل صمود فلوٹیلا نے اعلان کیا ہے کہ یونان کے ساحلوں کے قریب ان کے جہازوں کے سگنلز میں مداخلت کر کے انہیں جام کیا جا رہا ہے جبکہ نامعلوم شناخت کے جنگی جہاز ان کے قریب پہنچ رہے ہیں۔