البیرہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی اسیران کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے متعدد رہائی پانے والے اسیران کے ہمراہ قابض اسرائیلی جیلوں میں فلسطینی اسیران کے خلاف جنسی تشدد کی روک تھام کے لیے بین الاقوامی مہم کا آغاز کیا ہے۔
البیرہ میونسپلٹی ہال میں منعقدہ پریس کانفرنس میں اسیران کے امور سے متعلق اداروں، انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں اور ایسے رہائی پانے والے اسیران نے شرکت کی جنہوں نے قابض جیلوں کے اندر زیادتی اور عصمت دری سمیت جنسی تشدد کا سامنا کیا ہے۔
ادارے کے ذمہ داران نے نشاندہی کی کہ یہ مہم ایسے وقت میں شروع کی گئی ہے جب اسرائیلی جیلوں کے نظام کی طرف سے اسیران کے خلاف جرائم اور خلاف ورزیوں میں بے مثال اضافہ ہوا ہے۔ خاص طور پر نسل کشی کے آغاز کے بعد سے، جیلیں اب تشدد، بھوک، تذلیل اور جسمانی و نفسیاتی تشدد کے کھلے میدان بن چکی ہیں، جن کے ساتھ ساتھ جنسی تشدد کے جرائم بھی شامل ہیں، جنہیں مذکورہ اداروں نے سینکڑوں بیانات اور گواہیوں کے ذریعے دستاویزی شکل دی ہے۔
تنظیموں نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیلی جیلوں کے اندر جو کچھ ہو رہا ہے اسے انفرادی خلاف ورزی یا الگ تھلگ واقعات قرار نہیں دیا جا سکتا، بلکہ یہ قابض حکام کی جانب سے اپنے مختلف اداروں کے ذریعے نافذ کردہ ایک منظم پالیسی ہے، جس کا مقصد فلسطینی انسان کو توڑنا، اسے ذلیل کرنا اور اس کی عزتِ نفس کو مجروح کرنا ہے، جو فلسطینی عوام کے خلاف کیے جانے والے وسیع تر جرائم کا حصہ ہے۔
فلسطینی اسیران کے اداروں نے واضح کیا کہ اس مہم کا مقصد ان جرائم کی نوعیت کی وجہ سے متاثرین پر عائد خاموشی کی دیوار کو توڑنا، ان اسیران کی آواز کو بلند کرنا جنہوں نے جنسی تشدد کا سامنا کیا ہے، انہیں اپنے تجربات بتانے کے لیے ایک محفوظ جگہ فراہم کرنا، اور ان گواہیوں کو حقوقی اور قانونی راستے پر ڈالنا ہے تاکہ ان جرائم کے ذمہ داروں کا احتساب ممکن ہو سکے۔