غزہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) خلیج تعاون کونسل نے غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیلی جارحیت اور حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں دہشت گردانہ کارروائیاں اور بین الاقوامی قانون و بین الاقوامی انسانی قانون کی صریح خلاف ورزیاں قرار دیا ہے، نیز عالمی برادری سے ان حملوں کو رکوانے کے لیے فوری حرکت میں آنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کونسل کا یہ موقف سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی کے جاری کردہ ایک بیان میں اس وقت سامنے آیا جب غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں چار فلسطینی شہید اور کم از کم 14 دیگر زخمی ہو گئے۔
جاسم محمد البدیوی نے فلسطینی عوام کے خلاف قابض اسرائیلی افواج کی جانب سے جاری حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور غزہ کے مختلف علاقوں میں بمباری و عام شہریوں کو نشانہ بنائے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے اسے عالمی قوانین اور معاہدوں کی کھلی پامالی قرار دیا۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے ہنگامی اقدامات کرے، اور خبردار کیا کہ جنگ بندی معاہدے اور اسے مستحکم کرنے کی عالمی کوششوں کے باوجود قابض اسرائیل کا اپنے حملے جاری رکھنے پر اصرار کشیدگی میں کمی اور استحکام کی مساعی کو سبوتاژ کر رہا ہے نیز خطے میں امن و سلامتی کے قیام کے مواقع کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔
سیکرٹری جنرل نے بین الاقوامی قانونی قراردادوں اور عرب امن اقدام کی بنیاد پر فلسطینی عوام اور ان کے جائز حقوق بالخصوص چار جون سنہ 1967ء کی سرحدوں پر مشتمل ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت میں خلیج تعاون کونسل کے غیر متزلزل موقف کا اعادہ کیا جس کا دارالحکومت مقبوضہ مشرقی بیت المقدس ہو۔
جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں
قابض اسرائیلی افواج غزہ کی پٹی میں جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہی ہیں جو ترکیہ، مصر، قطر اور امریکہ کی ثالثی سے 10 اکتوبر سنہ 2025ء کو نافذ العمل ہوا تھا۔
ہفتہ کے روز غزہ شہر، خان یونس اور قصبے جبالیا سمیت غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ایک بچے اور ایک خاتون سمیت چار فلسطینی شہید اور کم از کم 14 دیگر زخمی ہو گئے۔
غزہ میں وزارت صحت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ جمعرات تک معاہدے کی اسرائیلی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں 1662 فلسطینی شہید اور 6007 دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ اکتوبر سنہ 2023ء سے قابض اسرائیل امریکی پشت پناہی کے ساتھ غزہ کی پٹی پر نسل کشی کی جنگ جاری رکھے ہوئے ہے جس کے نتیجے میں 74 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 1 لاکھ 76 ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے، اس کے علاوہ غزہ کی پٹی کے تقریباً 90 فیصد بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر دیا گیا ہے۔