غزہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) قابض اسرائیلی فوج مسلسل 395 ویں دن بھی غزہ کی پٹی میں جارحانہ جنگ جاری رکھے ہوئے ہے اور جنگ بندی معاہدے کی پامالیوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے ساتھ ہی محاصرے کا تسلسل و شدت اور بارڈر کی آمد و رفت پر مکمل کنٹرول برقرار ہے؛ جو تباہ حال پٹی کو امداد کی فراہمی پر پابندی اور بالخصوص موسم سرما کی آمد کے ساتھ فلسطینیوں کی مصائب میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔
دیر البلح شہر میں ریت کا پہاڑ گرنے کے نتیجے میں ماں اور اس کی بیٹی سمیت 6 شہری شہید اور متعدد افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے بعض کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔
ہمارے نامہ نگار نے بتایا کہ شہداء میں صلاح نبهان، مريم نبهان،تحرير نبهان، ريم الزين،ابراهيم الزين، حبيبة الزين شامل ہیں
وسطی غزہ کی پٹی کے شہر دیر البلح میں مسجد المجاہدین کے قریب ارض الرباط کیمپ (حاووز البرکہ) میں دو خاندانوں پر مٹی اور ریت کا ایک بڑا ڈھیر گرنے سے ایک خاتون اور ایک بچی شہید اور دیگر افراد زخمی ہو گئے۔
غزہ میں شہری دفاع کے ترجمان محمود بصل نے بتایا کہ وسطی غزہ کے شہر دیر البلح میں ارض الرباط پناہ مرکز میں بے گھر افراد کے خیموں پر ریت کا تودہ گر گیا اور ہمارا عملہ فوری طور پر جائے وقوعہ کی طرف پہنچ رہا ہے۔
انہوں نے اشارہ کیا کہ غزہ کی پٹی کو اپنی لپیٹ میں لینے والے بارانی طوفان کے نتیجے میں، دیر البلح کے علاقے میں اس جگہ پر لگے شہریوں کے متعدد خیموں پر، جن میں کئی بے گھر خاندان مقیم تھے، ریت کا تودہ گرنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
آج اتوار کے روز غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی ڈرون حملے اور قابض فورسز کی گاڑیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں، ایک خاتون سمیت دو شہری شہید اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ پٹی کے جنوبی شہر خان یونس کے مغرب میں ابراج طیبہ کے ارد گرد ایک اسرائیلی ڈرون کے حملے کے نتیجے میں نرمین سعید العمور اور محمود فضل ابو حماد شہید ہو گئے، جبکہ اسی بمباری کے نتیجے میں دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔
غزہ کے شمالی حصے میں آج صبح جبالیا کے مغرب میں واقع بئر النعجہ کے علاقے میں اسرائیلی ڈرون کی طرف سے شہریوں کے ایک گروہ کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں چار شہری زخمی ہو گئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
قابض فوج کی گاڑیوں نے خان یونس شہر کے جنوب میں شدید فائرنگ کی، جبکہ غزہ شہر کے شمال مشرقی علاقوں پر اسرائیلی توپ خانے کی بمباری دوبارہ شروع ہو گئی۔
اسی تناظر میں غزہ کی پٹی میں وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ سات اکتوبر سنہ 2023ء سے جاری اسرائیلی جارحیت کے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 74,640 شہداء اور 175,947 زخمیوں تک پہنچ گئی ہے۔
وزارت صحت نے بتایا کہ ہزاروں متاثرین ابھی تک ملبے تلے اور سڑکوں پر موجود ہیں، کیونکہ خطرناک میدانی حالات کے باعث ایمبولینس اور نجات دہندگی کے عملے کی ان تک رسائی مسلسل ناممکن بنی ہوئی ہے۔