غزہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) قابض اسرائیلی افواج نے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری رکھتے ہوئے مختلف علاقوں میں توپ خانے سے گولہ باری، فائرنگ اور بے گھر افراد کے خیموں کو نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ کھلے سمندر سے ماہی گیروں کو گرفتار کیا ہے. اس دوران کئی شہری شہید اور زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ کارروائیاں ایک ایسے وقت میں کی جا رہی ہیں جب جنوبی غزہ کی پٹی میں ناصر میڈیکل کمپلیکس پر قابض افواج کی بمباری سے برپا ہونے والے قتل عام کے اثرات تاحال جاری ہیں۔
جمعرات کی صبح وسطی غزہ کی پٹی میں واقع البریج کیمپ کے مشرق میں قابض افواج کی گولی لگنے سے ایک شہری شہید اور ایک بچہ زخمی ہو گیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ جنوبی غزہ کی پٹی میں شمالی خانیونس کے علاقے حمد سٹی کے گردونواح میں قابض افواج کی فائرنگ سے ایک شہری زخمی ہوا جبکہ خانیونس کے مواصی علاقے کے بئر 19 سیکٹر میں بھی ایک اور شہری گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔
سمندری جارحیت کے تناظر میں قابض افواج نے وسطی غزہ کی پٹی کے شہر دیر البلح کے سمندر میں موجود چھ ماہی گیروں کو گرفتار کر لیا۔
علاوہ ازیں قابض اسرائیلی فوجی گاڑیوں نے البریج کیمپ کے شمال میں شدید فائرنگ کی جبکہ اسی دوران خانیونس شہر کے مشرقی علاقوں کو توپ خانے کی گولہ باری کا نشانہ بنایا گیا۔
غزہ کی پٹی کے جنوب میں قابض اسرائیلی ٹینکوں نے الشاکوش کے علاقے سے رفح اور خانیونس کے مواصی علاقوں میں بے گھر افراد کے خیموں کی جانب شدید فائرنگ کی جبکہ خانیونس شہر کے جنوبی علاقوں پر بھی قابض افواج نے توپ خانے سے گولہ باری کی۔
ناصر میڈیکل کمپلیکس میں قتل عام
یہ حملے قابض افواج کے اس وحشیانہ قتل عام کے محض چند گھنٹے بعد سامنے آئے ہیں جو خانیونس شہر کے مغرب میں واقع ناصر میڈیکل کمپلیکس کے اندر الیاسین عمارت پر بمباری کر کے برپا کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں چھ شہری شہید اور 20 سے زائد دیگر زخمی ہو گئے تھے۔
غزہ میں شہری دفاع کے ترجمان محمود بصل نے بتایا کہ بمباری کے بعد امدادی ٹیموں نے چھ شہدا کے جسد خاکی نکال لیے ہیں اور 20 سے زائد زخمیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگار نے بتایا کہ شہدا میں جہاد نعیم ابو تیلخ، ڈاکٹر رزق ابو شعیرہ، مراد ابو ظریفہ، سیف غازی ابو حطب، خالد سلیمان ابو عنزہ اور محمد نافذ ابو عودہ شامل ہیں۔
بمباری سے کمپلیکس کی دوسری منزل کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کی زد میں انتہائی نگہداشت کا شعبہ اور خواتین، مردوں و امراض باطنہ کے جراحی وارڈز آئے ہیں جبکہ اس دوران مریضوں اور طبی عملے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
رپورٹ میں دیے گئے اعداد و شمار کے مطابق 10 اکتوبر سنہ 2025ء کو جنگ بندی کے معاہدے کے نفاذ کے بعد سے قابض افواج کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1,622 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 5,878 ہو چکی ہے اور اس کے علاوہ 850 شہدا کے جسد خاکی بھی نکالے جا چکے ہیں۔