غزہ (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) عالمی یومِ اطفال کے موقع پر سیکڑوں بے گھر فلسطینی بچوں نے غزہ شہر کے ترک اسکول میں جمع ہو کر عالمی برادری سے تعلیم، صحت اور تحفظ کے بنیادی حقوق کی ضمانت دینے کی اپیل کی ہے۔
جمعرات کے روز منعقد ہونے والی اس یکجہتی تقریب کا مقصد محصور غزہ میں اسرائیلی جنگ اور حملوں کے نتیجے میں بچوں کو درپیش سنگین انسانی، نفسیاتی اور تعلیمی مشکلات کی جانب دنیا کی توجہ مبذول کرانا تھا۔ اسکول کے قریب خیموں میں بے گھر خاندان پناہ لیے ہوئے ہیں۔
تقریب کے دوران اسکول کے صحن کو فلسطینی اور ترک پرچموں سمیت ترک انسانی امدادی تنظیم (آئی ایچ ایچ) کے بینرز سے سجایا گیا تھا۔ بچوں نے فلسطینی روایتی کڑھائی والے لباس، کوفیے اور اسکول یونیفارم پہن رکھے تھے۔ اس موقع پر بچوں نے مختلف زبانوں میں تحریری پیغامات اور ڈرائنگز کے ذریعے تعلیم، علاج، تحفظ اور باوقار زندگی کے حق کا مطالبہ کیا۔
تقریب میں تقاریر، نغموں اور مختلف پرفارمنسز کے ذریعے بچوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ ان کے ساتھ کھڑی ہو اور ان کی مشکلات کو فراموش نہ کرے۔
’’ہمیں مت بھولیے‘‘
فلسطینی طالبہ ماریا ظاہر نے اناطولیہ نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سیکڑوں بچے ترک اسکول میں تعلیم حاصل کرتے ہیں جبکہ ان کے خاندان قریبی خیموں میں رہائش پذیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ غزہ کے بچے کون ہیں۔ یہ محرومیوں، بھوک اور سردی کا شکار بچے ہیں، جو ہر طرح کی مشکلات سے گزر رہے ہیں۔
ماریا ظاہر کا کہنا تھا کہ غزہ کے بچے تعلیم، صحت، تحفظ اور باعزت زندگی کا حق چاہتے ہیں۔ فلسطینی بچوں کو بھی محفوظ اور آزاد ماحول میں زندگی گزارنے، تعلیم حاصل کرنے اور کھیلنے کا حق حاصل ہے۔
انہوں نے عالمی یومِ اطفال کے موقع پر عالمی برادری سے اپیل کی کہ ’’ہمیں مت بھولیے۔‘‘
بچے محفوظ مستقبل کے منتظر
فلسطینی معلمہ نہلہ شہاب نے اناطولیہ نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے بچوں نے گزشتہ تین برس کے دوران ناقابلِ بیان حالات کا سامنا کیا ہے، تاہم انہیں اب بھی امید ہے کہ دنیا ان کے حقوق پر توجہ دے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بچوں نے بمباری، بھوک، خوف اور بچپن کے بنیادی حقوق سے محرومی جیسے کٹھن حالات برداشت کیے ہیں۔ آج بھی یہ بچے امید کے ساتھ دنیا کی طرف دیکھ رہے ہیں اور آزادی کی روشنی اور روشن مستقبل کے منتظر ہیں۔
انہوں نے بچوں کے لیے تعلیم، صحت، تحفظ اور محفوظ ماحول میں زندگی گزارنے کے حق پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جنگ کے دوران شدید مشکلات برداشت کرنے کے باوجود یہ بچے مستقبل میں اپنے معاشرے کے رہنما اور مفید شہری بنیں گے۔
واضح رہے کہ عالمی یومِ اطفال ہر سال 20 نومبر کو منایا جاتا ہے۔
غزہ میں 22 ہزار سے زائد بچے شہید، 71 ہزار سے زیادہ یتیم
اس موقع پر فلسطینی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اکتوبر 2023ء سے شروع ہونے والی اسرائیلی جنگ کے دوران غزہ میں 22 ہزار سے زائد فلسطینی بچے شہید جبکہ 71 ہزار سے زیادہ بچے یتیم ہو چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2023ء سے غزہ پر جاری اسرائیلی جنگ میں 74 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 75 ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں غزہ کے تقریباً 90 فیصد بنیادی ڈھانچے کو تباہی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
تجزیہ کاروں کے اندازوں کے مطابق غزہ میں اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں حقیقی شہادتوں کی تعداد دو لاکھ تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ غزہ کی 60 سے 70 فیصد اراضی اسرائیلی قبضے میں ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔