غزہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کی پٹی میں سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں اور صہیونی فوج کی جانب سے کی جانے والی وحشیانہ گولہ باری اور فضائی حملوں کے نتیجے میں مزید فلسطینی شہید اور زخمی ہو رہے ہیں۔
ہمارے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ آج جمعرات کے روز قطاع غزہ کے جنوبی شہر رفح کے سمندر میں قابض اسرائیل کی بحری کشتیوں نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی ماہی گیر زخمی ہو گیا۔
اسی دوران قابض اسرائیل کے ٹینکوں نے غزہ کی پٹی کے مشرقی علاقوں کی جانب گولہ باری کی جبکہ غزہ کے مختلف حصوں میں قابض اسرائیل کے جاسوس طیاروں کی نچلی پروازوں کا سلسلہ بھی شدت کے ساتھ جاری رہا۔
غزہ میں وزارت صحت کے مطابق جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے اب تک صہیونی سفاکیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 823 تک پہنچ گئی ہے جبکہ زخمیوں کی مجموعی تعداد 2,308 ہو چکی ہے اور اب تک ملبے تلے سے 763 شہداء کے جسد خاکی نکالے جا چکے ہیں۔
سات اکتوبر سنہ 2023ء سے جاری صہیونی ریاست کی منظم نسل کشی کے نتیجے میں شہداء کی کل تعداد 72,599 ہو گئی ہے اور زخمیوں کی تعداد 172,411 تک جا پہنچی ہے جبکہ شہداء کی ایک بڑی تعداد اب بھی ملبے تلے اور سڑکوں پر موجود ہے جہاں ایمبولینس عملہ اور شہری دفاع کی ٹیمیں مسلسل اسرائیلی رکاوٹوں کے باعث تاحال پہنچنے سے قاصر ہیں۔