غزہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ کی پٹی میں مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ شہر غزہ کے محلہ الدرج کو نشانہ بنانے والی قابض اسرائیل کی ایک فضائی غارت گری کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید ہو گیا ہے جبکہ اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے سرکردہ رہنما خلیل الحیہ کا صاحبزادہ عزام الحیہ شدید زخمی ہوا ہے۔
ذرائع نے ذکر کیا ہے کہ زخمی ہونے والے نوجوان کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے، تاہم حملے کی نوعیت یا شہید ہونے والے فلسطینی کی شناخت کے حوالے سے فوری طور پر مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
اسی تناظر میں قابض اسرائیلی فوج 10 اکتوبر سنہ 2025ء سے نافذ العمل ہونے والے سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہی ہیں۔ یہ خلاف ورزیاں غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں بمباری، فائرنگ اور مکانات کو دھماکوں سے اڑانے کی صورت میں جاری ہیں۔
میدانی اعداد و شمار کے مطابق، سیز فائر معاہدے کے آغاز سے اب تک ان صہیونی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں 837 فلسطینی شہید اور 2381 دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔