غزہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسیف) نے خبردار کیا ہے کہ انسانی امداد، پناہ گاہوں کے ساز و سامان اور تعمیراتی مواد کی ترسیل پر قابض اسرائیل کی مسلسل پابندیوں کے باعث موسم سرما کے دوران غزہ کی پٹی میں شدید سردی اور بیماریوں کے پھیلاؤ سے مزید بچوں کی اموات کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
ادارے کے ترجمان جیمز ایلڈر نے کہا کہ غزہ کی پٹی کے بچے انتہائی کٹھن انسانی حالات میں اپنے چوتھے موسم سرما کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ بچوں اور شہریوں کو سردی کے اثرات سے بچانے کے لیے درکار انسانی ضروریات اور سامان کی وضاحت کے باوجود ہر موسم سرما کی آمد کے ساتھ یہ انتباہات دہرائے جا رہے ہیں۔
ایلڈر نے انادولو ایجنسی کو دیے گئے بیانات میں مزید کہا کہ ادارہ بخوبی جانتا ہے کہ کیا اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور اس نے داخل کیے جانے والے ضروری سامان اور مطلوبہ تعمیراتی مواد کی واضح نشاندہی کر دی ہے لیکن قابض اسرائیلی حکام اب بھی انہیں غزہ کی پٹی میں داخل ہونے سے روک رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس سال بچوں کی مشکلات وقت سے پہلے ہی شروع ہو گئی ہیں حالانکہ موسم سرما کا باقاعدہ آغاز ابھی نہیں ہوا۔ انہوں نے اس بات کی طرف توجہ دلائی کہ غزہ کی پٹی میں پہلے ہی سیلابی صورتحال اور شدید سرد موسم کا سامنا ہے جو ان حالات سے مشابہت رکھتا ہے جن سے بچے گذشتہ تین موسم سرما کے دوران گزرے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بنیادی ضروریات کی ترسیل پر مسلسل پابندیاں خاندانوں کو تحفظ کے لازمی ذرائع سے محروم کر رہی ہیں اور بگڑتے ہوئے انسانی حالات و محفوظ زندگی کے لوازمات کی عدم دستیابی کے سائے میں بچوں کو سردی اور بیماریوں کے خطرات کے رحم و کرم پر چھوڑ رہی ہیں۔
اسی تناظر میں قابض حکام غزہ کی پٹی میں خوراک، ادویات، طبی سامان، پناہ گاہوں کے ساز و سامان اور تیار گھروں کی طے شدہ مقدار داخل کرنے سے مسلسل روک رہے ہیں جہاں تقریباً 2.4 ملین فلسطینی تباہ کن انسانی حالات میں زندگی گزار رہے ہیں جن میں 2.15 ملین بے گھر افراد شامل ہیں۔
نقل مکانی کے دائرے میں وسعت، رہائشی مکانات و بنیادی ڈھانچے کی تباہی اور بڑی تعداد میں خاندانوں کے ایسے خیموں اور پناہ گاہوں میں رہنے پر مجبور ہونے سے خطرات مزید بڑھ گئے ہیں جو بارش، تیز ہواؤں اور سردی سے بچاؤ کے کم از کم لوازمات سے بھی محروم ہیں۔ یہ صورتحال موسم سرما کو بچوں کی زندگیوں اور صحت کے لیے ایک اضافی خطرہ بنا رہی ہے۔
واضح رہے کہ اکتوبر سنہ 2023ء سے قابض اسرائیل غزہ کی پٹی پر نسل کشی کی جنگ مسلط کیے ہوئے ہے جس کے نتیجے میں 74 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 75 ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے جبکہ تقریباً 90 فیصد بنیادی ڈھانچہ بھی تباہ ہو چکا ہے۔