جنوبی لبنان – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی مزاحمتی قوتوں کے اتحاد کی جانب سے جنوبی لبنان کے البص پناہ گزین کیمپ کے مثلث السکہ چوک پر غزہ کی پٹی کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایک پرزور مظاہرہ کیا گیا۔ اس مظاہرے کا مقصد غزہ کے محصور فلسطینیوں کی حمایت کا اعادہ کرنا اور فوری طور پر سرحدی گزرگاہیں کھول کر ہنگامی انسانی و امدادی سامان کی ترسیل کا مطالبہ کرنا تھا۔
یہ یکجہتی مظاہرہ ’غزہ کی پٹی میں ہمارے اہل خانہ کی خاطر‘ کے عنوان کے تحت ایسے وقت میں منعقد کیا گیا جب غزہ کے مکین قابض اسرائیل کی مسلط کردہ جنگ، ظالمانہ محاصرے اور بنیادی ضروریات زندگی کی شدید قلت کے باعث انتہائی کٹھن انسانی حالات سے دوچار ہیں، بالخصوص موسم سرما کی آمد کے ساتھ بے گھر فلسطینیوں کی تکالیف اور مصائب میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے۔
مظاہرے کے دوران صور کے علاقے میں تنظیم الصاعقہ کے ذمہ دار عبداللہ ابو وائل نے فلسطینی مزاحمتی قوتوں کے اتحاد کی نمائندگی کرتے ہوئے خطاب کیا۔ انہوں نے غزہ کی پٹی کے غیور عوام کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور قابض اسرائیل کی مسلسل جاری جنگ، نسل کشی، بھوک مسلط کرنے کی پالیسی، محاصرے اور گزرگاہوں کی بندش کے مقابلے میں ان کی بے مثال استقامت کو سراہا۔
ابو وائل نے غزہ کی پٹی کو ’استقامت، مزاحمت اور للکار کی ایک لازوال داستان‘ قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ فلسطینیوں کو جس وحشیانہ جنگ، محاصرے اور قحط کا سامنا ہے وہ فوری اور ہنگامی انسانی اقدام کا تقاضا کرتا ہے۔ انہوں نے سرحدی گزرگاہوں کی مسلسل بندش اور ابتر ہوتی انسانی صورتحال پر انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی اداروں کے کردار پر گہرے سوالات اٹھائے اور کہا کہ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے پوری دنیا فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو نہ دیکھ رہی ہے اور نہ ہی ان کی فریاد سن رہی ہے۔
دوسری جانب صور کے علاقے میں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی ذمہ دار عبدالمجید العوض نے اپنے خطاب میں کہا کہ لبنان میں قائم فلسطینی پناہ گزین کیمپ غزہ کی پٹی کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے لیے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں جو موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی جنگ، محاصرے، بھوک اور بے سروسامانی کے تباہ کن اثرات جھیل رہا ہے۔
العوض نے غزہ کی پٹی کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے اس عزم پر زور دیا کہ جغرافیائی فاصلے چاہے کتنے ہی کیوں نہ ہوں، فلسطینی قوم ایک ہی جسد واحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابض صہیونی ریاست کی جانب سے مسلط کردہ محاصرے اور سرحدی گزرگاہوں کی بندش نے غزہ کے فلسطینیوں پر انسانی اور معاشی دباؤ کو کئی گنا بڑھا دیا ہے۔
انہوں نے ثالثوں سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کی پٹی کے حوالے سے اپنی اخلاقی و سیاسی ذمہ داریاں پوری کریں، ہنگامی انسانی و امدادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں اور انتہائی کٹھن حالات زندگی کا سامنا کرنے والے محصور شہریوں تک امداد کی بلا تعطل رسائی کو یقینی بنائیں۔
یہ مظاہرہ لبنان کے فلسطینی پناہ گزین کیمپوں میں غزہ کی پٹی کی حمایت کے لیے جاری یکجہتی سرگرمیوں کا ایک اہم حصہ ہے جس کا مقصد جنگ اور محاصرے کے تباہ کن اثرات کے مقابلے میں فلسطینی عوامی مؤقف کی وحدت کو اجاگر کرنا اور سرحدی گزرگاہوں کو کھولنے و بغیر کسی رکاوٹ کے مستحقین تک انسانی امداد پہنچانے کے مطالبات کی تجدید کرنا ہے۔