غزہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) 53ممالک اور عالمی تنظیموں نے قابض اسرائیلی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی کے تمام علاقوں میں انسانی امداد کے فوری داخلے کی اجازت دے اور دستیاب گزرگاہوں و زمینی راستوں کے ذریعے بغیر کسی پابندی یا رکاوٹ کے اس کی رسائی کو آسان بنائے۔ ان ممالک نے موسم سرما کی آمد کے ساتھ انسانی بحران کے مزید سنگین ہونے پر بھی خبردار کیا ہے۔
یہ مطالبہ جمعرات کے روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے باہر منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران اقوام متحدہ میں برطانیہ کی مستقل مندوب کی جانب سے پڑھ کر سنائے گئے ایک مشترکہ بیان میں کیا گیا۔ بیان میں بنیادی ضروریات کی اشیا بشمول دوہرے استعمال کے زمرے میں رکھی جانے والی اصناف اور بالخصوص پناہ گاہوں کے ساز و سامان، ایندھن، پانی، نکاسی آب کے لوازمات اور طبی امداد کے داخلے کی اجازت دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
ممالک اور تنظیموں نے ان مریضوں اور زخمیوں کے انخلا کو آسان بنانے کا بھی مطالبہ کیا جن کا علاج غزہ کی پٹی کے اندر ممکن نہیں ہے تاکہ انہیں مقبوضہ بیت المقدس سمیت مغربی کنارے کے ہسپتالوں میں منتقل کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی افراد اور انسانی امداد کی نقل و حرکت کے لیے گزرگاہوں اور سرحدوں کو کھولنے پر بھی زور دیا گیا۔
بیان میں بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق صحت اور انسانی ہمدردی کے شعبوں سے وابستہ کارکنان، طبی مراکز، ذرائع آمد و رفت اور امدادی سامان کو تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے طبی عملے اور انسانی حقوق کے کارکنان کو نشانہ بنانے والے قابض اسرائیلی حملوں کی فوری اور شفاف تحقیقات کرانے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
ممالک نے اعلیٰ سطحی بین الاقوامی وفود اور صحافیوں کو غزہ کی پٹی میں داخل ہونے کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ پناہ گاہوں کے لوازمات اور جان بچانے والی اشیا کے داخلے پر عائد پابندیاں شہریوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کی انسانی تنظیموں کی صلاحیت میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔
اسی تناظر میں بیان میں اس بات کی طرف توجہ دلائی گئی کہ سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2803 کے تحت منظور کیا گیا جامع منصوبہ، جس میں 19 جنوری سنہ 2025ء کو طے پانے والی سطح سے کم مقدار میں انسانی امداد کے فوری داخلے کی اجازت دینے کی شق شامل تھی، اس پر تاحال مطلوبہ انداز میں عمل درآمد نہیں ہو سکا ہے۔
53 ممالک نے خبردار کیا کہ موسم سرما کی آمد کے ساتھ غزہ کی پٹی میں ہزاروں خاندان اب بھی مناسب پناہ گاہوں سے محروم ہیں جس سے انسانی اور طبی حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری لوازمات کے داخلے پر مسلسل پابندیوں کے سائے میں ان میں جسمانی درجہ حرارت گرنے، سانس کی نالی کے انفیکشن اور پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔
بیان میں پناہ گاہوں، پانی، نکاسی آب کے لوازمات اور طبی سامان کی فراہمی کے ذریعے انسانی کوششوں کی حمایت اور موسم سرما کی تیاریوں کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ اقوام متحدہ اور انسانی ہمدردی کے شراکت داروں کے تعاون سے بنیادی طبی خدمات کی بحالی اور طبی بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو میں فلسطینی اتھارٹی کی مدد کرنے کا بھی عزم ظاہر کیا گیا۔
ممالک اور تنظیموں نے سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2803 کے مطابق غزہ کی پٹی کے مکینوں تک امداد پہنچانے میں اقوام متحدہ اور اس کی ایجنسیوں، ریڈ کراس اور ہلال احمر کی بین الاقوامی تحریک اور غیر جانبدار بین الاقوامی انسانی تنظیموں کے کلیدی کردار کی توثیق کی۔