غزہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قابض اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں 13 فلسطینی شہید اور 18 زخمیوں کو غزہ کی پٹی کے ہسپتالوں میں لایا گیا ہے۔
وزارت صحت نے بدھ کے روز جاری کردہ اپنے ایک بیان میں وضاحت کی کہ شہداء میں 12 نئی ہلاکتیں شامل ہیں، جبکہ ایک شہید اپنے سابقہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
وزارت نے اس بات کی تصدیق کی کہ کئی متاثرین ابھی تک ملبے تلے اور سڑکوں پر موجود ہیں، کیونکہ مسلسل بمباری اور میدانی صورتحال کی سنگینی کے باعث امدادی ٹیمیں اور شہری دفاع کا عملہ ابھی تک ان تک پہنچنے سے قاصر ہے۔
دس اکتوبر سنہ 2025ء کو جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے کل شہداء کی تعداد 1123 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 3616 ہو گئی ہے، اس کے علاوہ ملبے تلے سے لاشیں نکالنے کے 800 واقعات درج کیے گئے ہیں۔
سات اکتوبر سنہ 2023ء سے شروع ہونے والی جارحیت کے بعد سے مجموعی اعداد و شمار کے مطابق وزارت نے بتایا کہ شہداء کی تعداد 73246 ہو گئی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 173727 تک پہنچ چکی ہے۔