غزہ – (روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) قابض اسرائیلی حکام نے کرم ابو سالم کے راستے غزہ سے تعلق رکھنے والے 12 فلسطینی اسیران پر مشتمل ایک نئی کھیپ کو رہا کر دیا جن میں اکثریت مزدوروں کی ہے جبکہ ان میں ایک تاجر بھی شامل ہے۔
ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کے عملے نے رہا ہونے والے اسیران کو ناصر ہسپتال منتقل کیا جہاں متعلقہ شعبوں میں داخل کرنے کے بعد ان کے ضروری طبی معائنے کیے گئے جبکہ اس دوران متعدد افراد کی شدید تھکن، غذائی قلت اور نفسیاتی و جسمانی اثرات سے دوچار ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں ہیں۔
رہا ہونے والوں کی فہرست میں شریف موسی النجار، ہیثم یاسر ابو العراج، عمرو مساعد قشطہ، ہیثم محمود اخضیر، محمد سالم ابو عصر، احمد فرید ابو لولي، محمود ابراہیم بسیونی، عبداللہ محمد غنیم، اکرم جہاد جندية، سالم یوسف زیارة، حازم احمد ابو مطلق اور ناصر محمود صبح شامل ہیں۔
یہ رہائی جنگ شروع ہونے کے بعد سے قابض دشمن کی طرف سے غزہ سے تعلق رکھنے والے ہزاروں فلسطینیوں کو حراست میں رکھنے کے بعد وقفے وقفے سے آنے والی کھیپوں کے تحت عمل میں آئی ہے جن میں وہ مزدور اور تاجر بھی شامل ہیں جنہیں باڑ کے قریب یا اپنے کام کی جگہوں تک پہنچنے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔
کمیشن برائے امور اسیران اور کلب برائے اسیران قطاع غزہ سے تعلق رکھنے والے اسیران کی تعداد ہزاروں میں بتاتے ہیں جبکہ بااختیار اداروں نے قید کی کٹھن حالات اور منظم تشدّد کے حوالے سے بیانات کو دستاویزی شکل دی ہے۔
حراست میں موجود ہزاروں دیگر اسیران کے حالات تاحال نامعلوم ہیں جبکہ حقوق انسانی کے اداروں کی طرف سے انہیں ان کے قانونی اور انسانی حقوق فراہم کرنے اور ان کے خلاف ہونے والی زیادتیوں کے ذمہ داروں کا محاسبہ کرنے کے مطالبات کیے جا رہے ہیں۔