قاہرہ ( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فلسطینی بحران پر بات چیت کے لیے عرب لیگ کا وزراء خارجہ کی سطح پر ہنگامی اجلاس جمعرات کو ہو گا۔ اجلاس کے انعقاد کا مطالبہ سعودی عرب نے کیا تھا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اجلاس کا مقصد فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کرنا اور امریکی سفارت خانے کو بیت المقدس شہر منتقل کرنے سے متعلق واشنگٹن کے غیر قانونی فیصلے کے خلاف متحرّک ہونا ہے۔ادھر غزہ پٹی میں پیر کے روز اسرائیلی فائرنگ سے شہید ہونے والے 60 کے قریب فلسطینیوں کو سپرد خاک کر دیا گیا۔
توقع ہے کہ عرب لیگ بدھ کے روز مستقل مندوبین کی سطح کا اجلاس منعقد کرے گی۔
اس سے قبل عالمی سلامتی کونسل نے منگل کے روز غزہ کی صورت حال کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد کیا۔ اس دوران تمام فریقوں سے جذبات پر قابو رکھنے، بین الاقوامی مداخلت اور واقعے کی کھلی تحقیقات کرائے جانے کے مطالبات سامنے آئے۔ اجلاس کے آغاز پر فلسطینی شہداء کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
اجلاس میں امریکی خاتون مندوب نے اسرائیل کے مؤقف کو خود پر قابو قرار دیتے ہوئے اسے بھرپور انداز سے سراہا۔ انہوں نے فسلطینی تنظیم حماس پر اشتعال انگیزی اور تشدد پر اکسانے کا الزام عائد کرتے ہوئے اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
دوسری جانب کویت کا کہنا ہے کہ غزہ میں قتل عام کے بعد وہ "فلسطینی شہریوں کے تحفظ” کے حوالے سے سلامتی کونسل میں ایک قرارداد کا منصوبہ پیش کرے گا۔