مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) برطانوی خبر رساں ایجنسی نے ایک عینی شاہد کے حوالے سے بتایا ہے کہ پیر کے روز مقبوضہ بیت المقدس میں 3 سائن بورڈز دیکھنے میں آئے ہیں جن پر "امریکی سفارت خانہ” تحریر ہے۔ یہ پیش رفت آئندہ ہفتے شہر میں سفارت خانے کے افتتاح سے قبل سامنے آئی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق انگریزی ، عبرانی اور عربی زبان کے یہ بورڈز بیت المقدس کے جنوبی حصّے میں امریکی قونصل خانے کی عمارت کے نزدیک لگائے گئے ہیں۔ یہ سائن بورڈ مقبوضہ بیت المقدس کی امریکی قونصل خانے کی عمارت کے قریب لگائے گئے ہیں۔ یہ قونصل خانے کی عمارت عارضی طور پر امریکی سفارتخانے کی عمارت قرار دی گئی ہے اور اس کا 14 مئی کو افتتاح کیا جائے گا۔اس سے قبل فلسطینی صدر محمود عباس نے فلسطینی قومی کونسل کا ایک اجلاس طلب کیا تھا تا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے اور امریکی سفارت خانے کو وہاں منتقل کرنے سے متعلق فیصلوں کے جواب کی حکمت عملی وضع کی جا سکے۔