عکا (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) شمالی فلسطین کے شہر عکا میں اسرائیل کی ایک مجسٹریٹ عدالت نے شفا عمرو سے تعلق رکھنے والے ایک فلسطینی نوجوان کو دوسری بار تفتیش کے لئے پولیس کے حوالے کردیا۔ فلسطینی شہری پر اپنی کار کی ٹکر سے تین صیہونی آباد کاروں کوزخمی کرنے کا الزام ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی پولیس کاکہنا ہے کہ مجسٹریٹ عدالت نے فلسطینی نوجوان کو تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ ان پر سڑک پرتین صیہونی آباد کاروں کو کچل کر زخمی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ فلسطینی ڈرائیور کو نو اپریل تک تفتیش کے لیے حکام کے حوالے کیا گیا ہے۔ پولیس نے زیرحراست فلسطینی نوجوان کی شناخت ظاہر نہیں کی۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے ایک ہفتہ قبلÂ شفاعمرو شہر کے ایک فلسطینی ڈرائیور کو گولیاں مار کر زخمی کرنے کے بعد حراست میں لینے کا دعویٰ کیا تھا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ فلسطینی نوجوان نے اپنی گاڑی کی ٹکر سے تین صیہونی آباد کاروں کو کچل ڈالا تھا۔
عبرانی ٹی وی 2 کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی ڈرائیور پر صیہونی آباد کاروں کو قتل کرنے کی کوشش کے الزام میں مقدمہ چلانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
