مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی امریکا کے ملک پیرا گوائے اور ہنڈوراس مقبوضہ بیت المقدس کواسرائیلی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں ممالک جلد ہی تل ابیب سے اپنا سفارت خانہ بیت المقدس منتقل کرنے کا اعلان کریں گے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عبرانی ریڈیو نے ایک اعلیٰ سفارتی ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ پیرا گوائے اور ہنڈوراس نے بتایا ہے کہ دونوں ممالک جلد ہی القدس کو اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے تیار ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں نے شرط عائد کی ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم ان کے ملک کا دورہ کریں یا القدس کو اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت قرار دینے کے لیے ٹھوس کوششیں کرنے میں تعاون کرے۔
خیال رہے کہ ہنڈوراس نے دسمبر 2017ء کو جنرل اسمبلی کے اجلاس میں القدس سے متعلق قرارداد کی مخالفت کی تھی۔ اس قرارداد میں 128 ممالک نے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے کی مخالفت کی تھی۔
پیرا گوائے نے اس موقع پر قرارداد پر رائے شماری میں حصہ نہیں لیا جس کے بعد امریکی حکومت کی طرف سے دھمکی دی گئی القدس سے متعلق قراردادÂ کی مخالفت کرنے والے ممالک کی امداد بند کردی جائے گی۔ پیرا گوائے اور ہنڈوراس جنوبی امریکا کے غریب اور پسماندہ ملکوں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہیں امریکا کی طرف سے مالی امداد فراہم کی جاتی ہے۔
