مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی محکمہ اوقاف کے سربراہ نے بتایا ہے کہ گذشتہ برس صیہونی آباد کاروں کے ہاتھوں قبلہ اوّل کی بے حرمتی کے سابقہ تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی محکمہ اسلامی اوقاف کے ڈائریکٹر الشیخ عزام الخطیب نے بتایا کہ 2017ء کے دوران 26 ہزار سے زائد صیہونی آباد کاروں نے قبلہ اوّل کا تقدس اور اس کی حرمت پامال کی۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل میں موجود یہودی ربیوں کی مذہبی تعلیمات اور فتاویٰ نے صیہونیوں کے قبلہ اوّل پردھاووں میں اضافہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اسرائیلی ریاست، فوج اور تمام سیکیورٹی ادارے بھی صیہونی آباد کاروں کے قبلہ اوّل میں داخل ہونے میں مکمل مدد فراہم کررہے ہیں۔
الشیخ عزام الخطیب نے خبردار کیا کہ صیہونی ایک سازش کے تحت بیت المقدس کے مذہبی اور اسلامی اسٹیٹس کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ صیہونی آباد کاروں کے مسجد اقصیٰ پر بڑھتے دھاووں کے خطرناک نتائج سامنے آسکتےہیں۔
