جنین – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صیہونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں بدھ کو تلاشی کی کارروائیوں میں مزید 14 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ صیہونی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیانات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ تلاشی کے دوران ایک پستول اور دیگر اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ صیہونی فوج نے جنوبی شہر الخلیل میں تلاشی کے دوران ایک گاڑی ضبط کرلی جب کہ ایک گھر سے پستول برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں پناہ گزین کیمپ پر دھاوے کے دوران فلسطینی شہریوں نے احتجاج کیا اور صیہونی فوج پر سنگ باری کی۔ اس موقع پر صیہونی فوج نے گھروں کی چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھروں میںÂ قیمتی سامان کی توڑپھوڑ اور لوٹ مار کی۔ صیہونی فوج نے جنین سے تین فلسطینی نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ صیہونی فوج نے جنین میں الحواشین، السعدیہ، الصفوری، اور الدمج کالونیوں میں چھاپے مارے۔
صیہونی فوج کی غنڈہ گردی کے خلاف فلسطینی شہریوں نے شدید احتجاج کیا۔ اس دوران صیہونی فوج نے بہجت الصفوری، مجاھد رجا ابو لھیجاء اور محمود حاتم الالوب کو حراست میں لے لیا۔
صیہونی فوج نے جنین میں محمود الناطور نامی شہری کے گھر میں گھس کر قیمتی سامان کی لوٹ ماری اور گھر میں موجود خواتین اور بچوں کو تشدد کانشانہ بنایا۔
الخلیل گورنری میں اسرائیلی فوج نے بیت امر میں چھاپوں کے دوران تین فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ ان میں اسلامی جہاد کے ایک سابق اسیر وحید ابو ماریا بھی شامل ہیں جو 20 سال تک اسرائیلی جیلوں میں قید رہنے کے بعد کچھ ہی عرصہ قبل رہا ہوئے تھے۔
