اسلام آباد – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) پاکستان نے فلسطینی جماعتوں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ اور تحریک فتح کے درمیان مصر کی ثالثی سے طے پائے مصالحتی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے فلسطینیوں میں اتحاد کی حمایت کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے نیویارک میں سلامتی کونسلÂ کے مشرق وسطیٰ کے حوالے سے خصوصی اجلاس کے دوران مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک فلسطینی تنظیموں میں مصالحت کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے مقبوضہ فلسطینی شہروں میں اسرائیل کی غیرقانونی صیہونی بستیوں کی تعمیر کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور اسرائیل پر زور دیا کہ وہ عالمی قراردادوں کی پاسداری کرتے ہوئے مقبوضہ عرب علاقوں بستیوں کی تعمیر فوری طور پر روکے۔ڈاکٹر ملیحہ لودھی کاکہنا تھا کہ مقبوضہ عرب شہروں میں اسرائیل کی غیرقانونی بستیوں کی تعمیر سے فلسطینیوں کی امنگوں کے مطابق ایک آزاد اور خود مختار مملکت کے قیام میں رکاوٹیں کھڑی کی جا ہیں۔ مشرق وسطیٰ میں دیر پا قیام امن کی مساعی میں رکاوٹوں کا ذمہ دار اسرائیل ہے۔
