مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکومت نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں ’گیوات ھمٹوز‘ نامی صہیونی کالونی میں مزید سیکڑوں مکانات کی تعمیر کی تیاری شروع کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منصب صدارت کے بعد اس کالونی میں یہ پہلا موقع ہے جب اس کالونی میں سیکڑوں مکانات کی تیاری کی جا رہی ہے۔عبرانی ٹی وی 10 کے مطابق ہمٹوز کالونی میں ان مکانات کی منظوری پہلے دی جا چکی ہے۔ ٹی وی رپورٹ کے مطابق جلد ہی 1600 نئے مکانات کی تعمیر کا کام شروع کر دیا جائے گا۔
ٹی وی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بیت المقدس میں صہیونی آباد کاری کے اس نئے منصوبے سے القدس اور غرب اردن میں جغرافیائی ربط کو ختم کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔
خیال رہے کہ گذشتہ امریکی انتظامیہ نے مشرقی بیت المقدس اور غرب اردن میں صہیونی آباد کاری کی مخالفت کرتے ہوئے اس کی مذمت کی تاہم موجودہ امریکی انتظامیہ اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ فلسطین میں صہیونی آباد کاری کی پرزور حمایت کررہی ہے۔
