نابلس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہرنابلس میں آج جمعہ کو علی الصباح عصیرہ کے مقام پر صہیونی دہشت گردوں نے ایک نہتے فلسطینی پولیسی اہلکار محمود محمد جرارعہ کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ فلسطینی شہری کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جمعہ کو علی الصباح 26 سالہ محمد جراعۃ کو صہیونی اشرار نے شیلو صہیونی کالونی کے قریب تشدد کا نشانہ بنایا۔مقامی سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جرارعہÂ نیشنل سیکیورٹی فورسز کے ایک اہلکار ہیں۔ وہ شیلو صہیونی کالونی کے مرکزی چوک کے قریب سے مرکزی شاہراہ سے گذر رہے تھے کہ سڑک پر کھڑے صہیونی شرپسندوں نے انہیں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی پولیس اہلکار کے سر میں گہری چوٹ لگی ہے۔ اسے شدید زخمی حالت میں رام اللہ کے ایک اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں صہیونی آباد کاروں نے کسی فلسطینی کو اس طرح بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ اس نوعیت کے واقعات اب روز کا معمول بن چکے ہیں۔ غرب اردن میں صہیونی آباد کار مقامی فلسطینی آبادی کے لیے سیکیورٹی ریسک بن گئے۔
