مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی کنیسٹ (پارلیمنٹ) کی کمیٹی برائے خزانہ نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں میں قائم کی گئی صہیونی کالونیوں میں مزید سہولیات کی خاطر 3Â کروڑ چھ لاکھ شیکل یعنی 85 لاکھ امریکی ڈالر کے مساوی رقم کی منظوری دی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی اخبار ’دی مارکر‘ کے مطابق مذکورہ رقم چار صہیونی کونسلوں غوش عتصیون، الخلیل، بنجمن کونسل اور السامرہ کونسل میں تقسیم کی جائے گی۔عبرانی اخبار کی ویب سائیٹ پر پوسٹ کی گئی خبر میں بتایا گیا ہے کہ پارلیمنٹ سے منظور کی گئی رقم سے صہیونی نوجوانوں کو رقوم مہیا کی جائیں گی تاکہ وہ غرب اردن میں صہیونی آباد کاری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں۔
اسرائیلی رکن کنیسٹ ’میکی لیوی‘ نے پچاسی ملین ڈالر کے برابر رقم کی یہودی کونسلوں میں تقسیم کے طریقہ کار پر تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مذہبی صہیونی طبقے ’حریدیم‘ کو اس رقم سے کوئی حصہ نہیں دیا گیا۔
خیال رہے کہ یہ رقم ایک ایسے وقت میں منظور کی گئی ہے جب صہیونی ریاست غرب اردن پر قبضے کی 50 ویں سالگرہ منا رہی ہے۔