فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق منگل کو علی الصباح یہودی قبلہ اول میں داخل ہوئے۔ آخری اطلاعات تک صہیونی آباد کاروں کی ٹولیوں کی آمد کا سلسلہ جاری تھا۔ صہیونی آباد کاراسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئے اور قبلہ اوّل میں گھس کر نام نہاد مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔
ادھر اسرائیلی فوج نے دیوار برّاق کے نزدیک دو مقامی فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔ یہ دونوں افراد اُن فلسطینی نوجوانوں کے گروپ میں شامل تھے جنہوں نے مسجد کے صحن پر اسرائیلیوں کے دھاوؤں کو روکنے کی کوشش کی۔
علاوہ ازیں اسرائیلی پولیس نے مقبوضہ بیت المقدس میں کئی شاہراہوں کو بند کر دیا ہے تا کہ صہیونی آباد کار القدیمہ ٹاؤن پہنچ کر دیوارِ برّاق کا رخ کر سکیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں سے مسجد اقصی اور اس کے اطراف میں پیش آنے والے واقعات کے سبب کشیدگی پائی جاتی ہے۔
