فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ اہالیان القدس نے اپنی جرات، استقامت اور بہادری سے دشمن کو قبلہ اوّل پر قبضے سے روک دیا۔ یہ فلسطینیوں کی جرات اور دلیری کا نتیجہ ہے کہ قابض دشمن کو شکست کی دم پکڑ کر بھاگنا پڑا۔
اسماعیل ھنیہ نے بیت المقدس کے شہریوں کے جذبہ استقامت کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ بیت المقدس کے جانثار عوام نے فتح ونصرت کا روشن باب قائم کیا ہے۔
جس طرح فلسطینی قوم بالخصوص اہلیان القدس کے باشندوں نے قبلہ اوّل پر صہیونی غاصب دشمن کے قبضے کی سازش ناکام بنائی اسی جذبے سے جلد بیت المقدس اور پورا فلسطین آزاد ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ دشمن فلسطینی قوم کو قبلہ اوّل سے محروم کرنا چاہتا تھا مگربیت المقدس کے باشندوں نے دشمن کے اس ناپاک ارادے کو بری طرح ناکام بنا دیا۔
حماس رہنما نے کہا کہ بیت المقدس صرف فلسطینیوں کا شہر نہیں بلکہ تمام عرب اقوام اقوام اور مسلم امہ کا شہر ہے۔ پورا بیت المقدس فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بنے گا۔ انہوں نے فلسطینی قوم کی صفوں میں اتحاد واتفاق کی ضرورت پر زور دیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز اسرائیل نے مسجد اقصیٰ کے باہر کھڑی کی گئی تمام رکاوٹیں ہٹا دی تھیں جس کے بعد فلسطینی شہریوں نے مسجد اقصیٰ میں عبادت کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔
