فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ہفتے کے روز ایک بیان میں حازم قاسم نے کہا کہ محمود عباس غزہ سے حماس کے رہنما یحیی السنوار کی قیادت میں مصر جا کر مذاکرات کرنے والے وفد سے نالاں ہے۔ خود کو فلسطینی صدر کہنے والے ابو مازن کی اس پیش رفت پر ناراضی سے اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی کے درمیان پالیسی امور پر باہمی اتفاق کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے جس کا منطقی نتیجہ غزہ کا محاصرہ مزید ہلاکت خیز بنانا ہے۔
حماس کے ترجمان نے یہ بات زور دیکر کہی کہ مصر کے حماس کے حالیہ معاہدات کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کے لئے محمود عباس کی سوچی سمجھی کوششوں کا تسلسل اس بات کا بین ثبوت ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کی قیادت ذاتی مقاصد کے حصول کی خاطر ہمارے عوام کے خلاف کن کن طریقوں سے کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حماس تمام متعلقہ اداروں اور شخصیات سے ملکر بحران ختم کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔ ہم مصری بھائیوں کے ساتھ غزہ کے محاصرہ سے پیدا ہونے والی منفی صورت حال کے اثرات کم کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔
