غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے واضح کیا ہے کہ فلسطینی عرب شہروں میں صہیونی آباد کاری اور توسیع پسندی میں اضافے کی تازہ لہر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورے اسرائیل کا نتیجہ ہے۔ امریکی انتظامیہ کی طرف سے اسرائیل کو فلسطین میں صہیونی آباد کاری کی آشیرباد حاصل ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے ترجمان عبداللطیف القانوع نے ایک بیان میں کہا کہ غرب اردن میں صہیونی آباد کاری کے نئے منصوبے کے پیچھے امریکا کا ہاتھ ہے۔ صہیونی ریاست کی طرف سے حال ہی میں غرب اردن میں 1000 نئے رہائشی فلیٹس کی منظوری امریکی آشیر باد تحت دی ہے۔ Â نیا توسیع پسندانہ منصوبہ ٹرمپ کے دورہ اسرائیل کا ثمر ہے۔عبدالطیف القانوع کا کہنا ہے کہ صہیونی ریاست کی جانب سے پہلے بھی فلسطین میں صہیونی آباد کاری کا سلسلہ جاری تھا مگرسابقہ امریکی حکومت کھل کر صہیونی آباد کاری کی حمایت نہیں کررہی تھی۔ موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ نے صہیونی ریاست کو توسیع پسندی کا گرین سگنل دیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی مقبوضہ بیت المقدس کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کی سازش کررہا ہے۔ بیت المقدس پر بھی صہیونی آباد کاری اور یہودیت مسلط کرنے کی منظم سازش کی جا رہی ہے، ان تما سازشوں میں اسرائیل کو امریکا کی مکمل حمایت اور آشیر باد حاصل ہے۔
