مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی فورسز نے گذشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس میں وادی الجوز کالونی میں فلسطینی شہریوں کی دکانوں پرچھاپے مارے اور انہیں زدو کوب کیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ایک مقامی فلسطینی شہری الحاج مصطفیٰ ابو زھرہ نے بتایا کہ اسرائیلی پولیس، فوج اور بیت المقدس کی اسرائیلی بلدیہ کے اہلکاروں نے گذشتہ روز وادی الجوز میں فلسطینی بازاروں اور دکانوں پر چھاپے مارے۔ صہیونی بلدیہ کے عناصر نے کئی دکانوں کے مالکان کو نوٹس جاری کیے جن میں کہا گیا کہ انہوں نے غیرقانونی طورپر دکانیں تعمیر کر رکھی ہیں۔ابو زھرہ کا کہنا تھا کہ صہیونی انتظامیہ کی طرف سے کہا گیا وادی الجوز میں فلسطینی شہریوں کی دکانوں کے بیرونی حصے مسمار کرنے کے نوٹس بھی جاری کئے اور دھمکی دی گئی کہ دکانوں کے باہر کھڑے کیےگئے ٹھیلے ہٹائے جائیں ورنہ انہیں تجاوزات قرار دے کر مسمار کردیا جائے گا۔
مقامی فلسطینی کاروباری شخصیت ابو زھرہ نے صہیونی فوج اور بلدیہ کے اہلکاروں کے چھاپوں کو انتقامی سیاست قراردیتے ہوئے مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت ایک سوچےسمجھے منصوبے کے تحت بیت المقدس میں فلسطینی تاجروں پر عرصہ حیات تنگ کررہی ہے۔
ابو زھرہ نے کہا یہ پہلا موقع نہیں جب صہیونی انتظامیہ نے مقامی فلسطینی دکانداروں کو ہراساں کرنے اورانہیں زدو کوب کرنے کی کوشش کی ہے۔ آئے روز فلسطینی کاروباری طبقے کے ساتھ صہیونی ریاست کی اسی طرح کی انتقامی پالیسی روا رکھی جاتی ہے۔