رام اللہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین میں اسیران میڈیا سینٹر نے اسرائیلی جیل میں قید کم سن فلسطینی اسیرہ ملاک محمد یوسف الغلیظ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی اسیران کے لیے قائم مرکز کے شعبہ اطلاعات کی طرف سے جاری کردہ بیان میں اسرائیل سے پرزور مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ 14 سالہ ملاک محد یوسف الغلیظ کو جیل سے رہا کرے۔ الغلیظ کا تلعق غرب اردن کے علاقے میں الجلزون پناہ گزین کیمپ سے ہے۔اسرائیلی فوج نے ملاک الغلیظ کو گذشتہ ہفتے قلندیا فوجی چوکی سے حراست میں لیا تھا۔ صہیونی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ الغلیظ اسرائیلی فوجیوں پرچاقو سے حملوں کی منصوبہ بندی کررہی تھی۔
خیال رہے کہ اسیرہ الغلیظ اسرائیلی زندانوں میں پابند سلاسل کم عمر فلسطینی اسیرہ ہیں۔ اس کے اہل خانہ نے صہیونی فوج کی طرف سے چاقو حملے کی منصوبہ بندی کی سختی سے تردید کی ہے اور کہا ہے کہ قابض فوج نے ان کے خاندان کو ہراساں کرنے کے لیے اسے گرفتار کیا ہے۔
