ادھر دوسری جانب فلسطین بھر میں آج جمعہ کو فلسطین میں صہیونی آباد کاری کے خلاف ’یوم الغضب‘ منایا جا رہا ہے۔ فلسطینی شہری آج جمعہ کو نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد احتجاجی مظاہرے، جلسے جلوس اور ریلیاں منعقد کررہے ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے رکن عزت الرشق نے کہا کہ عالمی برادری اور مسلم دنیا بیت المقدس کے خلاف جاری اسرائیلی انتقامی سیاست کو روکنے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ اور بیت المقدس کو اسرائیل کی طرف سے لاحق خطرات کی تمام ذمہ داری تمام مسلمان حکومتوں اور مسلم امہ کے ایک ایک فرد پرعائد ہوتی ہے۔ صہیونی ریاست نے ایک منظم پالیسی کے تحت بیت المقدس کو یہودیانے کی سازشیں شروع کر رکھی ہیں۔ ایسے میں عالمی برادری بالخصوص مسلم ممالک کی خاموشی دانستہ لاپرواہی اور مجرمانہ غفلت کا شکار ہے۔ عالمی برادری کی مجرمانہ غفلت اور لا پرواہی کے نتیجے میں صہیونی ریاست کو اپنے جرائم جاری رکھنے کا موقع مل رہا ہے۔
حماس نے فلسطینی قوم بالخصوص سنہ 1948ء کے مقبوضہ علاقوں میں رہنے والے فلسطینیوں سے اپیل کی کہ وہ آج جمعہ کو اسرائیلی جرائم اور صہیونی آباد کاری کے خلاف یوم الغضب مظاہروں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
عزت الرشق نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی جرائم کو بے نقاب کرنے کے لیے عرب، مسلمان ممالک کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر ذرائع ابلاغ کے ذریعے مہم چلانے کی ضرورت ہے۔
