طولکرم – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر طولکرم میں تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران سابق فلسطینی اسیر کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ صہیونی فوج نے غرب اردن میں حوارہ چیک پوسٹ کے قریب سے سابق فلسطینی اسیر معتصم تیسیر سمارہ کو حراست میں لے لیا۔ اس کی گرفتاری اس وقت عمل میں لائی گئی جب وہ رام اللہ سے اپنے گھر کو لوٹ رہا تھا۔گرفتاری کے بعد تیسیر سمارہ کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ فلسطین کے علاقے غرب اردن میں اسرائیلی فوج نے جگہ جگہ مستقل اور عارضی چیک پوسٹیں قائم کر رکھی ہیں۔ یہ چیک پوسٹیں فلسطینی شہریوں کے لیے عذاب ہیں۔
یہاں سے گذرنا جان پر کھیلنے کے مترادف ہے۔ اسرائیلی فوج اکثر ان چیک پوسٹوں سے گذرتے ہوئے فلسطینیوں کو گولیاں مار کرشہید، زخمی یا گرفتار کرتی ہے۔
