مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) مقبوضہ فلسطین کی پارلیمنٹ کے دسیوں اراکین نے صیہونی حکومت کے وزیراعظم نیتن یاہو کی برطرفی کا مطالبہ کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقبوضہ فلسطین کی پارلیمنٹ میں حزب اختلاف کے رہنما اسحاق ہرزوگ نے نیتن یاہو کی توسیع پسندانہ پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے پاس ایسے اکسٹھ پارلیمانی اراکین کے ناموں کی فہرست موجود ہے جو نتن یاہو کی برطرفی کے خواہاں ہیں۔اس سے قبل صیہونی حکومت کے سابق وزیر اعظم ایہود باراک نے بھی نیتن یاہو کی جنگ پسند کابینہ کی توسیع پسندانہ پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ دائیں بازو کے انتہاپسند عناصر نے اقتدار اپنے ہاتھ میں لے کر عالمی سطح پر اسرائیل کو تنہا اور زوال کے خطرے سے دوچارکر دیا ہے۔
صیہونی حکومت کے سابق وزیر جنگ امیر پرتز نے بھی شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ نتن یاہو اس عہدے کے حقدار نہیں ہیں اور آئندہ انتخابات میں ان کا متبادل سامنے آجائے گا۔ واضح رہے کہ صیہونی حکومت کی نادرست پالیسیوں کے نتیجے میں مختلف صیہونی حکام اور عہدیداروں میں شدید اختلافات پیدا ہو گئے ہیں۔