الخلیل – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کی ایک فوج داری عدالت کی طرف سے بزرگ فلسطینی سیاست دان اور رکن پارلیمنٹ محمد جمال النتشہ کی انتظامی حراست میں مزید چھ ماہ کی توسیع کی منظوری دی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صہیونی فوجی عدالت کی طرف سے فلسطینی رکن پارلیمان جمال النتشہ کی مدت حراست میں چھ ماہ کی توسیع کرتے ہوئے انہیں جیل میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے پارلیمانی بلاک اصلاح وتبدیلی کےٹکٹ پر فلسطینی پارلیمنٹ کا رکن منتخب ہونے والے فلسطینی سیاست دان کو اسرائیلی فوج نے 29 ستمبر 2016ء کو حراست میں لیا گیا۔ حراست میں لیے جانے کے بعد انہیں چھ ماہ کے لیے انتظامی قید میں ڈال دیا گیا تھا۔
جمال النشتہ ایک بزرگ فلسطینی رہنما ہیں۔ انہوں نے 10 سال سے زائد عرصہ اسرائیلی جیلوں میں گذار دیا ہے۔ وہ مسلسل 9 سال اور چھ ماہ قید کے بعد سنہ 2010ء کو اسرائیلی جیل سے رہا ہوئے تھے۔ انہوں نے پانچ سال غرب اردن میں قائم فلسطینی اتھارٹی کی جیل میں بھی گذارے۔ اسرائیلی فوج انہیں بار بار انتظامی حراست میں منتقل کرنے کی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔
جمال النتشہ غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل سے حماس کے سینیر رہنما ہیں۔