رام اللہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبہ شہر الخلیل سے تعلق رکھنے والے دو فلسطینی شہریوں نے اسرائیلی زندانوں میں بلا جواز انتظامی حراست کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال شروع کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے اذنا قصبے سے تعلق رکھنے والے اسیر اکرم فسیسی نے اپنی انتظامی حراست میں چھ ماہ کی توسیع کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال شروع کی ہے۔اسیر کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ فسیسی نے بغیر کسی الزام کے جیل میں ڈالنے اور چھ ماہ کی دوبارہ قید کی سزا سنانے کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال شروع کی ہے۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اسیر اکرم فسیسی رام اللہ کے قریب ’عوفر‘ نامی فوجی جیل میں پابند سلاسل ہے۔
خیال رہے کہ اسیر اکرم فسیسی کو 19 ستمبر 2016ء کو حراست میں لیا تھا۔ اس کا تعلق فلسطینی تنظیم اسلامی جہاد سے ہے۔
الخلیل شہر کے جنوبی قصبے بیت عوا سے تعلق رکھنے والے اسیر رافت شلش گذشتہ چھ روز سے بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وہ گذشتہ 15 ماہ سے انتظامی حراست کے تحت پابند سلاسل ہے۔