مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر کے جنوب مشرقی قصبے جبل المکبر میں شہید فلسطینی ابراہیم مطر کی تعزیت میں لگایا گیا تعزیتی کیمپ اکھاڑ پھینکا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق شہید ابراہیم المطر کی تعزیت کے لیے جبل المکبر کے مقام پر ایک تعزیتی کیمپ لگایا گیا تھا جس میں شہید کے اہل خانہ سمیت دیگر شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اسرائیلی فوج اور پولیس نے تعزیتی کیمپ پر دھاوا بولا اور کیمپ کی توڑپھوڑ کے بعد وہاں پر موجود عزہ داروں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔خیال رہے کہ فلسطینی نوجوان ابراہیم المطر کو گذشتہ روز علی الصباح مسجد اقصیٰ میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد گھر واپس جاتے ہوئے گولیاں مار کر شہید کردیا تھا۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ المطر نے صہیونی فوجیوں پر چاقو سے حملے کی کوشش کی تھی جس پر اسے حملے کا نشانہ بنایا گیا۔