تیونس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر مسلط کی گئی اسرائیلی ناکہ بندی کے خلاف افریقی ملکوں تیونس اور نائیجریا میں احتجاجی مظاہرے اور جلوس نکالے گئے، جن میں مقامی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق افریقی عرب ملکوں میں غزہ کی پٹی میں اسرائیل ناکہ بندی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کی کال انسانی حقوق کی تنظیم ’عالمی مہم برائے انسداد ناکہ بندی غزہ‘ کی جانب سے کیا گیا تھا۔دونوں ممالک میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں شریک شہریوں اور انسانی حقوق کے مندوبین نے اسرائیل سے غزہ پر مسلط معاشی پابندیاں اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے غزہ پر اسرائیلی ناکہ بندی اور معاشی پابندیوں کو غیرانسانی اور بدترین ظلم قرار دیا۔
تیونس میں عالمی مہم کے عہدیدار عبدالکریم الوسلاتی نے غزہ سے یکجہتی کے لیے منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ بات نامعقول ہے کہ اسرائیلی ریاست فلسطینیوں پر مظالم ڈھائے، ان کی معاشی ناکہ بندی کرے اور ان پر غربت مسلط کرے تو مسلم امہ اس پر خاموش تماشائی بنی رہے۔
ادھر نائجیریا میں بھی غزہ کی پٹی پر مسلط اسرائیلی پابندیوں کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔ نائیجریا میں ایک آن لائن مہم بھی جاری ہے جس میں غزہ کے محصور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف مطالبات پیش کیے گئے ہیں اور شہریوں سے اس پر دستخط حاصل کیے جا رہے ہیں۔