غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں حال ہی میں پیدا ہونے والے توانائی بحران کے حل میں مدد دینے کے لیے ترکی کا اعلیٰ سطحی وفد گذشتہ روز غرب اردن کے راستے غزہ پہنچ گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق 10 رکنی ترک وفد گذشتہ روز غرب اردن اور غزہ کے درمیان قائم ’بیت حانون‘ گذرگاہ سے غزہ داخل ہوا۔وفد میں توانائی کے شعبے میں کام کرنے والے ماہرین اور حکومتی عہدیدار شامل ہیں۔ ترک وفد غزہ کی پٹی میں ترکی کے تعاون سے بجلی پیدا کرنے کے لیے لگائے گئے مختلف پلانٹس کا دورہ کرے گا۔
خیال رہے کہ حال ہی میں فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں فلسطینی اتھارٹی کی انتقامی سیاست کے نتیجے میں توانائی کا بدترین بحران پیدا ہوا۔ اس بحران کو ختم کرنے میں ترکی اور قطر کی طرف سے فوری طور پرایندھن اور رقوم فراہم کی گئی تھیں۔