الخلیل – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ فوجی اہلکاروں نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں تلاشی کے دوران ایک اسلحہ ساز فیکٹری پکڑی ہے جہاں تیار کردہ اسلحہ اور گولہ بارود قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ گذشتہ شب الخلیل شہر میں تلاشی کی مہم کے دوران ایک اسلحہ ساز فیکٹری پکڑی جہاں پرآٹھ اقسام کا اسلحہ تیار کیا جا رہا تھا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں موجود اسلحہ اور دیگر سامان قبضے میں لینے کے بعد اسے سیل کردیا گیا ہے۔صہیونی فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ الخلیل شہر سے پکڑا گیا اسلحہ غرب اردن میں اسلحہ ضبطی کی مہم کا حصہ ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے متعدد بار غرب اردن سے اسلحہ ساز فیکٹریاں پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے اور جعلی اسلحہ ساز کارخانے چلانے کی آڑ میں متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لیا جاتا رہا ہے۔